متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ہزہائینس شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان 20 اور 21 اپریل کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گہرے، دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے دورے کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پاگئے
اس ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون، علاقائی سلامتی اور لوگوں کے درمیان روابط پر گفتگو ہوگی۔ یہ دورہ دونوں جانب کے نمائندوں کو باہمی دلچسپی اور تشویش کے علاقائی و عالمی صورتحال پر اپنے خیالات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
اس سے قبل دونوں نائب وزرائے اعظم نے آخری ملاقات 21 فروری کو ابوظہبی میں کی تھی۔
ہزہائینس شیخ عبداللہ اس دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزارت خارجہ کے پریس ریلیز کے مطابق ہزہائینس شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کا یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور متنوع شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا، جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو ہوگا۔