سراج الحق کا یکم مئی کو گوادر کے حقوق اور ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کے لیے احتجاج کا اعلان

اتوار 30 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے یکم مئی کو گوادرکے  حقوق اور ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کسی ایک پارٹی کی مرضی سے نہیں ہو گا، ہم سب نے مل کر راستہ نکالنا ہے، ملک بے یقینی کا شکار اور اندرونی و بیرونی خطرات کی زد میں ہے، مہنگائی و بد امنی سے عوام کا برا حال ہے ،روٹی کی قیمت آسمان کی جانب اور غریب زمین میں دھنس رہا ہے۔

المرکز الاسلامی پشاور میں عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آئینی، سیاسی و معاشی بحرانوں اور ملک کو ہیجانی کیفیت سے نکالنے کے لیے عوام سے فیصلہ لیا جائے، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات پر متفق کرنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کسی ایک پارٹی کی مرضی سے نہیں ہوگا، ہم سب نے مل کر راستہ نکالنا ہے۔ مردم شماری میں کراچی کے عوام تحفظات دور کئے جائیں، کراچی کے حق کے لیے اتوار کو مظاہرہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی گنتی پوری کی جائے، اندرون سندھ اور دیگر علاقوں میں بھی ہر شہری کو شمار کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے گوادر کے حقوق کے لیے مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم مئی کو گوادرکے  حقوق اور ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کے لیے احتجاج ہو گا۔ ہدایت الرحمان گوادر کے عوام کے حق میں آواز اٹھانے کی پاداش میں 110 دنوں سے جیل میں ہیں،انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے ماتھے پر ترازو سجا ہے مگر ملک میں مظلوم اور کمزور کو انصاف نہیں ملتا، خود ججز تسلیم کرتے ہیں کہ وہ انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان جماعت اسلامی کی دستک مہم کا حصہ بنیں۔ حکمران جماعتوں نے نوجوانوں کو جھوٹے نعرے لگا کر دھوکہ دیا، انہیں مایوس کیا، انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ  وہ مایوس نہ ہو، یہ کفر ہے، جماعت اسلامی کا حصہ بنیں اور کرپٹ نظام کو بدلنے کے لیے جدوجہد شروع کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp