طوفانی بارشیں اور سیلابی ریلا: بولان میں پنجرا پل بہہ گیا، ٹریفک کی روانی متاثر

اتوار 30 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع بولان میں رات گئے طوفانی بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔ سیلابی ریلے کے باعث پنجرا پل کا ایک حصہ بہہ گیا جس سے کوئٹہ سکھر قومی شاہراہ گزشتہ رات سے بند ہے۔

بلوچستان میں گزشتہ 2 روز سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سبی، گوادر، کیچ، پنجگور، دکی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، آواران، نصیرآباد، خضدار، سوراب، قلات، زیارت، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی کے ملحقہ علاقے حالیہ بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں ابتک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ خضدار اور پنجگور میں کئی کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

بلوچستان کے ضلع بولان میں رات گئے طوفانی بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔ سیلابی ریلے کے باعث پنجرا پل کا ایک حصہ بہہ گیا جس سے کوئٹہ سکھر قومی شاہراہ گزشتہ رات سے بند ہے۔ کوئٹہ، جیکب آباد جانیوالی گاڑیوں کو مچھ جبکہ سندھ سے کوئٹہ آنیوالی گاڑیوں کو سبی اور ڈھاڈر کے مقام پر روک دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کا بتانا ہے کہ پنجرا پل کو بحال کرنے کے لیے این ایچ اے عملہ کام میں مصروف ہے۔ پانی کا بہاؤ کم ہونے کے بعد متبادل راستے کے لیے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران قلات، کیچ، خضدار، کچھی، گوادار، لسبیلہ، دکی، ژوب اور پنجگور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp