مکہ ومدینہ پہنچ کر عرب ٹائم لائنز پر نمایاں ہونے والے پاکستانی بزرگ ایک مرتبہ پھر وائرل

اتوار 30 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپنی مفلوک الحالی کے باوجود مکہ و مدینہ پہنچنے اور وہاں عمرہ کے دوران اپنے حلیے کہ وجہ سے عربوں کا مرکز نگاہ بن جانے والے پاکستانی بزرگ ایک مرتبہ پھر وائرل ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے علاقے حب کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے بزرگ کی وائرل ویڈیو میں وہ ایک صوفے پر بیٹھے دکھائے گئے ہیں
سفید ریش بزرگ کے سامنے باری باری ایک فرد آ کر بیٹھتا ہے جس پر وہ کچھ پڑھ کر پھونکتے ہیں۔
یہ ویڈیو شئیر کرنے والے افراد نے اس عمل کو ضعیف الاعتقادی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستانیوں نے “بابا جی کو پیرومرشد کے درجے پر فائز” کر دیا ہے۔


ویڈیو شئیر کرتے ہوئے اعتراض کرنے والے افراد کے جواب میں موقف اپنایا گیا کہ یہ ایک عام سی بات ہے اسے اتنا ہی رکھا جائے۔

فاطمہ نے لکھا کہ اس میں “بابا جی کی کوئی غلطی نہیں عوام کا قصور ہے۔”

پیر آیان عثمانی نے معاملے کے ایک اور پہلو کی نشاندہی کی تو لکھا کہ “پاکستانی شخصیت پرست قوم ہیں۔ نہ جانے اس جہالت سے کب نکلیں گے۔”

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بزرگ کی چند روز قبل پہلی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ مدینہ میں روضہ رسول کے قریب دکھائے گئے تھے۔
اس ویڈیو میں پاکستانی بزرگ کے ہاتھ میں ایک چھڑی اور ان کے سر پر عمامہ بندھا ہوا تھا۔

ابتدائی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والوں کے مطابق بزرگ نے گزشتہ پندرہ برس میں بکریاں چرا کر رقم جمع کی اور اس سے عمرہ کے لیے پہنچے تھے۔
مختلف عرب افراد سمیت سعودی ولی عہد کے مشیر بھی پاکستانی بزرگ کی تلاش کے خواہاں دکھائی دیے تھے۔
پاکستانی بزرگ کی شناخت ایک بلوچ چرواہے کے طور پر کی گئی تھی جو عام مال واسباب سے محروم اور گھاس پھوس سے بنی جھونپڑی کے مکین ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp