چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر ہم لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں ریلیاں نکالنے جا رہے ہیں جہاں ہم یہ مطالبہ کریں گے کہ آئین کے مطابق فی الفور انتخابات کرائے جائیں۔
زمان پارک لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم لبرٹی روڈ سے ناصر باغ تک مزدور ڈے کے حوالے سے ریلی نکالیں گے جس کی قیادت میں خود کروں گا۔ عوام اس میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین اس وقت انتخابات سے ڈرے ہوئے ہیں لیکن پوری قوم اپنی سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔
مزدور ڈے پر اسلام آباد اور پشاور میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی
عمران خان نے کہا کہ مزدور ڈے پر اسلام آباد اور پشاور میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں ہم یہ پیغامات دیں گے کہ فوری انتخابات کرائے جائیں کیوں کہ 90 روز کا وقت گزرنے کے بعد نگران حکومتوں کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی۔
کل تمام لوگ باہر نکلیں، ان شاء اللہ لاہور میں ریلی کی قیادت میں خود کرونگا جبکہ راولپنڈی اور پشاور میں بھی بڑی ریلیز نکالی جائیں گی تاکہ پیغام دیں کہ قوم آئین و قانون کیساتھ کھڑی ہے۔ عمران خان pic.twitter.com/1e0XHtMiSu
— PTI (@PTIofficial) April 30, 2023
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں پناہ گاہیں بنائیں کیوں کہ ہمیں معلوم تھا کہ مزدور دور دراز سے محنت کرنے کے لیے آتے ہیں اور ان کو رہائش کے مسائل درپیش ہوتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پناہ گاہیں بند کر دی ہیں جس کی وجہ سے مزدوروں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ہمارے دور میں بنائی گئی پناہ گاہوں میں مزدوروں کو مفت کھانا دیا جاتا تھا اور رہنے کے لیے مفت جگہ میسر تھی۔ اب ملک میں انڈسٹری بند ہوتی جا رہی ہے اور ہمیں اپنے مزدوروں کا احساس ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس کے علاوہ امپورٹڈ حکومت نے ہیلتھ کارڈ بھی ختم کردیا ہے جس کے ذریعے ہر شخص اپنا مفت علاج کروا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کوئی مزدور یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ وہ پرائیویٹ اسپتال میں اپنی ہارٹ سرجری کرائے مگر ہمارے دور میں ایسا ممکن ہوا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ فلاحی ریاست کا مطلب یہ ہے لوگوں کو بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں اور ہم ایسا کر کے دکھائیں گے۔
اب اقتدار میں آکر ایجوکیشن کارڈ لے کر آئیں گے
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اب ہم دوبارہ اقتدار میں آکر ایجوکیشن کارڈ لے کر آئیں گے اور کوئی بھی بچہ کسی بھی اسکول میں تعلیم حاصل کر سکے گا۔
ان شاء اللہ ہیلتھ کارڈ کے بعد اب ہم تعلیم کارڈ بھی لیکر آئیں گے تاکہ بحیثیت فلاحی ریاست حکومت غریب طبقے کی صحت اور تعلیم کا ذمہ لے۔ عمران خان pic.twitter.com/6BBXAflQuY
— PTI (@PTIofficial) April 30, 2023
ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے عام ڈاکٹرز جگہ جگہ اسپتال کھول رہے تھے اور لوگوں کو سہولیات میسر آ رہی تھیں مگر امپورٹڈ حکومت نے اس سہولت کو ختم کر دیا۔