پاکستان تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی منسوخ کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد اسلام آباد پولیس کا بھی اہم بیان سامنے آ گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس اور اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔
اسلام آباد کی حدود میں کسی بھی جلسے، جلوس اور اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
فیض آباد اور دیگر راستوں سے اسلام آباد میں داخل ہونے والے شہریوں کو چیکنگ کے…
— Islamabad Police (@ICT_Police) April 30, 2023
پولیس ترجمان کے مطابق فیض آباد اور دیگر راستوں سے اسلام آباد میں داخل ہونے والے شہریوں کو چیکنگ کے بعد داخل ہونے دیا جائے گا۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پکار 15 پر کال کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یوم مزدور کے موقع پر لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ریلیوں کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو نوٹس جاری کیا تھا کہ لاہور کی ریلی منسوخ کی جائے کیوں کہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات شیڈولڈ ہیں اور یہ ریلی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
اب اسلام آباد پولیس نے اپنا بیان جاری کر کے پیغام دیا ہے کہ تحریک انصاف اسلام آباد میں بھی ریلی نہیں نکال سکتی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن کے نوٹس پر تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نوٹس غیر قانونی ہے اس لیے اسے واپس لیا جائے۔














