کراچی اور لاہور کے درمیان شالیمار ایکسپریس 8 ماہ بعد بحال

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور اور کراچی کے درمیان مقبول ٹرین سروس شالیمار ایکسپریس کو 8 ماہ کی بندش کے بعد مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بیک وقت دونوں شہروں سے روانہ کردیا گیا ہے۔

کراچی سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے اطہر ریاض نے جب کہ ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے لاہور کے تاریخی اسٹیشن سے 19 کوچز پر مشتمل شالیمارایکسپریس کا افتتاح کیا ہے۔

شالیمار ایکسپریس میں 2 اے سی بزنس، 1 اے سی پارلر، 2 اے سی اسٹینڈرڈ اور 12 اکانومی کلاس کے ساتھ 1 بریک وین، 1 پاور وین اور 1 ریستوران کوچ بھی موجود ہے۔ 1198 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ اس ٹرین کے کراچی سے لاہور کے درمیان 10 اسٹاپ ہیں۔

لاہور میں ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب میں ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر کا کہنا تھا کہ شالیمارایکسپریس ٹرین کی بحالی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر کی گئی ہے اور اس ٹرین کے کرایہ میں ایک ماہ کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔

 

https://twitter.com/RailwaysGovPk/status/1652930406851960832?s=20 

 

شالیمار ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر خصوصی دعائے خیر بھی کی گئی۔ اس موقع پر ٹرین کو خوبصورت نئی کوچز کے ساتھ منفرد انداز میں سجایا گیا تھا۔

ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ریلوے لاہور کے مطابق مسافروں کو مئی کے پہلے 15 دن 20 فیصد جبکہ 16 سے 31 مئی تک کرایوں میں 10 فیصد رعایت دی گئی ہے۔

شالیمار ایکسپریس ٹرین لاہور سے کراچی جاتے ہوئے رائیونڈ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، خان پور، رحیم یارخان، روہڑی، نواب شاہ، حیردآباد اور لانڈھی رکا کرے گی۔

شالیمار ایکسپریس ٹرین کی بحالی کے موقع پر مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شالیمار ایکسپریس ٹرین میں لاہور سے 942 مسافر روانہ ہوئے جبکہ دیگر اسٹیشنوں سے بھی مسافروں کی ایڈوانس بکنگ ہوچکی ہے۔

ڈی ایس ریلوے لاہور نے شالیمار ایکسپریس ٹرین کی اکانومی، پارلر اور ڈائنگ کار کا خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شالیمار ایکسپریس ٹرین میں مسافروں کو بہترین سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔

ٹرین کراچی کینٹ سے روزانہ صبح 6 بجے روانہ ہونے کے بعد حیدر آباد، نواب شاہ، روہڑی، رحیم یار خان، خان پور، بہاول پور، ملتان، ساہیوال، رائے ونڈ سے ہوتے ہوئے اُسی تاریخ رات 11 بج کر 45 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ سفر کا مجموعی دورانیہ 17 گھنٹے 45 منٹ ہے۔

کراچی سے لاہور روانہ ہونے والی شالیمار ایکسپریس میں آج 907 مسافر سفر کر رہے ہیں۔

پاکستان ریلوے نے گزشتہ بارشوں اور سیلاب کے بعد 27 اگست 2022ء کو شالیمار ایکسپریس کی سروس شہریوں کے لیے بند کردی تھی۔

یہ ٹرین اپنے مقررہ راستے فیصل آباد کی بجائے اب براستہ ملتان، ساہیوال جایا کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp