پی ایس ایل 10 میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بارش کے باعث مکمل نہ کیا جاسکا جس کے سبب دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل، کراچی کنگز کے ہاتھوں 87 رنز سے شکست کے بعد ملتان سلطانز ایونٹ سے باہر
قبل ازیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 10 کے اس 21 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز نے 11 اعشاریہ 3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے جس کے بعد بارش ہوگئی اور میچ روک دیا گیا تاہم وہ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور بالآخر مقابلہ ختم کردیا گیا۔
محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29، 29 گیندوں پر نصف سینچریاں اسکور کیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 2 اور خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں لاہور میں ہی کھیلے گئے دن کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے دی تھی۔ اس طرح ملتان سلطانز کی ٹیم دوڑ سے ہی باہر ہوگئی۔
پوائنٹس ٹیبل
اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر لاہور قلندرز ہے جس کے 8 پوائنٹس ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے بھی 8 ہی پوائنٹس مگر وہ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ پشاور زلمی 4 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں اور ملتان سلطانز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔