پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئرلائنز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے اس صورت حال میں نقصان کی تلافی کے لیے بھارتی حکومت کو خط لکھ دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان ایک سال تک انڈیا کے لیے اپنی فضائی حدود بند رکھتا ہے تو ایئرلائن کو 60 کروڑ ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑےگا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستانی فضائی حدود پر پابندی سے بھارتی ایئرلائنز کو کتنا نقصان ہوگا؟
ایئر انڈیا کی جانب سے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے جو نقصان ہو رہا ہے اس کی تلافی کی جائے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردی ہے، جس کے باعث ایئر انڈیا سمیت دیگر بھارتی ایئر لائنز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جبکہ مسافروں کو تاخیر جیسی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے صرف ایئر انڈیا کو روزانہ 20 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کا نقصان ہورہا ہے، کیوں کہ شمالی امریکا، یورپ، برطانیہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے بھارتی طیاروں کو طویل راستہ اختیار کرنا پڑرہا ہے۔
پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارتی ائیرلائنز کی پروازوں کے دورانیے میں 2 سے 4 گھنٹےکا اضافہ ہوگیا ہے۔
بھارتی ایئرلائنز کو جہاں اخراجات کے اضافے کا سامنا ہے وہیں ایئرلائزن کے عملے کے ڈیوٹی ٹائم میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، اور آرام کرنے کے لیے وقت بھی نہیں مل رہا۔
یہ بھی پڑھیں فضائی حدود کی بندش: بھارتی ایئرلائنز کی 800 سے زائد پروازیں متاثر، تاشقند اور الماتی پرواز معطل
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگا کر یکطرفہ اقدامات کرنے کے بعد پاکستان نے بھی ہندوستان کے خلاف جوابی اقدامات کیے ہیں، جس میں فضائی حدود کی بندش بھی شامل ہے۔