وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی و صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے) کو صورتحال کی کڑی نگرانی کا حکم دیا ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ وفاقی ادارے، صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں۔ جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لیے فوری فراہم کی جائے۔ جہاں ضرورت پڑے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔
وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔ لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، بارشوں کی صورتحال میں شہری خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، قومی جذبے اور ذمہ داری کے احساس سے کام کریں۔ وزیراعظم نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔