وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نےملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی برطانوی وزیراعظم سے ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوط یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
The Ambassador of the Kingdom of Saudi Arabia to Pakistan, H.E. Nawaf bin Saeed Al-Malki, called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif in Islamabad today. pic.twitter.com/aAquBwi0pg
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) May 2, 2025
پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا واضح موقف بیان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی تمام شکلوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور گزشتہ برسوں میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں۔
وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کیا اور اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ
سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون سے گزشتہ پندرہ ماہ کی انتھک محنت سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر اپنی حکومت کی مکمل توجہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ان کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ سے ہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب سمیت تمام برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالیں، وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی دیرینہ خواہش کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اہم معاہدوں پر دستخط
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس اہم معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا