پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی حریف کو شکست دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ میں ہونے والے پاک بھارت باکسنگ مقابلے میں سندھ پولیس کے کمانڈو شہیرآفریدی نے بھارتی باکسرترجوت سنگھ باوا کو دھول چٹا دی، بھارتی باکسر چوتھے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہوگیا۔
شہیرآفریدی نے حریف باکسر پر مکوں کی بارش کی، بھارتی باکسر شہیر آفریدی کے مکے سہہ نہ سکا اور رِنگ میں ڈھیر ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے بھارتی حریف کو پہلے راؤنڈ میں شکست دیدی
مڈل ویٹ کیٹیگری میں شہیر آفریدی کی یہ 18 ویں فائٹ تھی، اس کامیابی کے بعد سندھ پولیس سے تعلق رکھنے والے کمانڈو شہیر آفریدی دنیا کے 50 بہترین باکسر میں شامل ہوگئے۔
شہیر آفریدی نے اب تک 18 حریفوں کا سامنا کیا ہے، 16 مقابلوں میں کامیاب رہے ، ایک ہارے اور ایک برابر رہا جبکہ ان کے بھارتی حریف ترجوت سنگھ باوا پروفیشنل باکسنگ میں اب تک ناقابل شکست تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 23 سال کی عمر میں پاکستانی باکسر نے حکومتی تعاون کے بغیر 26 تمغے کیسے جیتے؟
بھارتی باکسر کو ہرانے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہیر آفریدی کو مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے انعامات کا اعلان کیا۔
مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ پولیس کو شہیر آفریدی پر فخر ہے، شہیر آفریدی نے بھارتی حریف کو ناک آؤٹ کرکے سندھ اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ باکسنگ کونسل ایشیا ٹائٹل کا کامیاب دفاع، پاکستانی باکسر کے ہاتھوں بھارتی ناک آؤٹ
مقابلے سے قبل شہیر آفریدی نے کہا تھا کہ وہ صرف ایک باکسنگ فائٹ نہیں بلکہ قوم کی عزت کے لیے رنگ میں اتریں گے اور بھارتی غرور کو خاک میں ملانے کے لیے پوری تیاری کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔
دونوں باکسرز کے درمیان ہونے یہ مقابلہ جنوبی ایشیا میں پروفیشنل باکسنگ کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا تھا، جس کا شائقین کو بے چینی سے انتظار تھا۔