جیسے کو تیسا: پاکستان نے بھی اپنی بندرگاہوں میں بھارتی بحری جہازوں کا داخلہ بند کردیا

اتوار 4 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے بھارتی جنگی جنون کا جواب دیتے ہوئے بھارتی پرچم بردار بحری جہازوں کا پاکستانی بندرگاہوں میں داخلہ فوری طور پر بند کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ: سوئٹزر لینڈ کے بعد یونان نے بھی پاکستان کی تجویز کی حمایت کردی

اس حوالے سے وزارت بحری امور نے باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا، جس کے تحت  کوئی پاکستانی پرچم بردار بحری جہاز بھی بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز نہیں ہوگا۔

قبل ازیں بھارت نے کہا تھا کہ پاکستانی پرچم والے جہازوں کو اس کی کسی بھی بندرگاہ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہندوستانی پرچم والے جہاز پاکستان کی کسی بندرگاہ کا دورہ نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے میں 26 سیاح کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے اس کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور پاکستانیوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے بند کردی تھی۔

مزید پڑھیے: پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان کا ردعمل ذمہ دارانہ رہا، بھارت ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے جواب میں 24 اپریل کو بھارت سے ہر طرح کی براہِ راست اور کسی اور ملک کے ذریعے تجارت پر پہلے ہی پابندی عائد کر دی تھی۔

پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کروانے کی پیشکش بھی کی گئی جس کا بھارت کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا جبکہ چین، ترکیہ اور سوئٹزر لینڈ سمیت کئی ممالک نے پاکستان کے اس مؤقف کی حمایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp