سندھ میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد، کیا اس بار فیصلے پر عمل ہوسکے گا؟

پیر 5 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے صوبے بھر میں تمام اقسام کے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائدکردی ہے، محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جون 2025 سے سندھ میں ہر قسم کے پلاسٹک شاپنگ بیگز کااستعمال ممنوع ہوگا۔

سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز خان کے مطابق صوبائی کابینہ نے 15 اپریل 2025 کو منعقدہ اپنے اجلاس میں محکمہ ماحولیات سندھ کی سفارش پر یہ فیصلہ متفقہ طور پر منظور کیاتھا جس کے بعد صوبائی حکومت نے ’سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014‘ میں ترمیم کرتے ہوئے تمام پلاسٹک شاپنگ بیگز پرپابندی عائد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: عائشہ منزل کے قریب دکانوں میں آتشزدگی، 3 افراد جھلس کر جاں بحق

اس سے قبل 2019 میں پلاسٹک بیگز پر جزوی پابندی عائد کی تھی جس کے تحت مخصوص وزن اور سائز کے بیگز کی محدود اجازت دی گئی تھی تاہم اب مشروط اجازت بھی ختم کر دی گئی ہے۔

سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز خان کے مطابق پلاسٹک بیگز ماحول دشمن ہیں، سندھ حکومت نے عوامی مفاد میں تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ ’ہم آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول دینا چاہتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ پلاسٹک سے ہمیشہ کے لیے جان چھڑائی جائے۔‘

مزید پڑھیں: کیا کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے؟

انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، سیکریٹری ماحولیات نے ضلعی انتظامیہ، صنعتکاروں، تاجروں اور شہریوں سے اس قومی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp