اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹیڈوسی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق، اسحاق ڈار نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مکالمے کا موجودہ فریم ورک باہمی روابط کے فروغ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا، اور لیبر موبیلٹی کے بڑھتے ہوئے اشتراک کو سراہتے ہوئے اس پر دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کو اہم سنگ میل قرار دیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی جارحیت: وزیراعظم شہباز شریف اور قطری وزیراعظم کا ٹیلیفونک رابطہ
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے بھارتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین، اور بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا مگر بھارت نے اشتعال انگیزی جاری رکھی، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان میں بھارتی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کو تحمل اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی۔ فریقین نے دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے اور سفارتی تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔