امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے سبب اسلام آباد اور صوبہ پنجاب بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔
ملک میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا آئندہ 2 روز تک تمام تعلیمی ادارے (سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ) بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم تعلیمی اداروں میں جاری امتحانات معمول کے مطابق جاری رہیں گے،2 روز تک اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

دوسری طرف پنجاب میں بھی 2 روز تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ اگلے 2 روز کی چھٹیوں کا اعلان امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کی وجہ سے کیا گیا۔ صوبہ بھر کے تعلیمی ادارے9 اور 10 مئی ( جمعہ اور ہفتہ) کو بند رہیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھے جائیں گے۔ چھٹیوں کے احکامات تمام سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے ہیں۔ پیر 12 مئی سے تدریسی عمل معمول کے مطابق شروع ہوگا۔