آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کی تحصیل سماہنی کے باغسر سیکٹر میں پاک فوج نے ایک اور بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ بھارتی ڈرون لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوا، جسے فوری طور پر ٹیکنیکل ایکشن کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کی یہ کامیاب کارروائی باغسر کے قریب کی گئی، جو سماہنی سیکٹر کا حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے، گرائے جانے والے ڈرون کا ملبہ سیکیورٹی فورسز نے تحویل میں لے لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ڈرونز کے ذریعے متعدد بار پاکستانی حدود کی خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں، جنہیں پاک فوج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے ناکام بنایا ہے۔