نگران وزیراعلٰی پنجاب کی برطرفی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی برطرفی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ عدالت کے مطابق درخواست 14مئی سے قبل تو کسی صورت قابل سماعت نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست گزار شہری لطیف چوہدری کے وکیل کو سپریم کورٹ کےفیصلے کا انتظار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار یہ درخواست لےکروقت سے پہلے آگئے ہیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب میں نگران حکومت کی آئین میں دی گئی معیاد ختم ہوچکی ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی لیکن نگران حکومت کو توسیع نہیں دی ہے۔ نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی غیر آئینی طور پر عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔

’نگران وزیر اعلٰی اور کابینہ کا عہدے پر برقرار رہنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔90  روز گزرنے کے بعد نگران حکومت کے تمام احکامات اور اقدامات غیر آئینی ہیں۔پنجاب کا تین ہزار پانچ سو کروڑ کا بجٹ ہےجو بغیر منظوری کےاستعمال میں لایاجانا غیر قانونی ہے۔‘

درخواست گزار شہری نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے نگران حکومت پنجاب کو کام سے روکنے کا حکم دے۔’عدالت الیکشن کمیشن کو پنجاب میں نئی نگران حکومت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔‘

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی نے آج ابتدائی سماعت میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نےپنجاب میں انتخابات کرانے کےلئے 14مئی کی تاریخ دےرکھی ہے تاہم عدالت عظمٰی نے نگران حکومت کےبارے کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے۔

جسٹس رضا قریشی نے دریافت کیا کہ آیا آئین میں نگران حکومت کی توسیع سے متعلق کچھ لکھا ہے کہ اگر نگران حکومت ختم کردی جائے تو کیا اسمبلیاں واپس فعال ہوجائیں گی۔ انہوں نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ کے فیصلہ کے انتظار کا مشورہ دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ درخواست 14مئی سے قبل تو کسی صورت قابل سماعت نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp