آئی پی ایل معطل ہونے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بقیہ میچز میں شرکت غیر یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔
گزشتہ دنوں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کی وجہ سے معطل ہونے کے بعد ایونٹ میں شریک کئی آسٹریلوی کھلاڑی واپس چلے گئے تھے جن کی اب ٹورنامنٹ میں واپسی غیر یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔
ہفتے کے روز دونوں ممالک میں جنگ بندی کا اعلان ہوگیا ہے تاہم خطے کی موجودہ صورت حالات نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پریشان کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ کا فرنچائزز سے رابطہ، کیا پیغام دیا؟
اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹاڈ گرینبرگ نے بھی کہا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم بی سی سی آئی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم بھارتی اور پاکستانی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور بھارت اور پاکستان میں موجود اپنےکھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ مسلسل بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اگرچہ کرکٹ آسٹریلیا اور بی سی سی آئی انڈین کرکٹ بورڈ ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، لیکن پیٹ کمینز، ٹریوس ہیڈ اور نیتھن ایلس جیسے کھلاڑیوں کی دوبارہ شمولیت مشکوک نظر آرہی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہیں اور اب انہیں صرف لیگ گیم کے 2 یا 3 میچز کھیلنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا کوملنے والی’خطرناک خفیہ اطلاع‘ کیا تھی جس نے انڈیا کو جنگ بندی پر مجبور کیا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کے بقیہ میچز بنگلور، چنائی اور حیدرآباد میں 15 یا 16 مئی کو منعقد ہوسکتے ہیں۔