بلوچستان میں دہشتگردی کی بھارتی سرپرستی کے شواہد منظر عام پر

منگل 13 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی بھارتی سر پرستی کے ثبوت بھارتی میڈیا، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیردفاع کے بیانات سے ثابت ہوتے ہیں، دہشتگرد گروپوں کے سرغنہ لاجسٹک اور آپریشنل بریفنگ کے لیے بھارت کا باقاعدگی سے دورہ کرتے رہے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت پاکستان میں دہشت گرد گروپوں اورکالعدم تنظیموں کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے، صرف یہی نہیں بھارت میں ان دہشتگردوں کو طبی علاج کی سہولیات بھی مہیا کی جاتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق 2016 میں کالعدم تنظیم  بی ایل اے کے سرغنہ ا سلم اچھو  نے بھارت پہنچنے پر نہ صرف  بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے اہلکاروں سے ملاقات کی بلکہ دہلی کے اسپتال میں زیر علاج بھی رہا، اسی طرح بی ایل اے کے سرغنہ نے  عبدالحمید جعلی نام رکھ کر افغان پاسپورٹ کا استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی مداخلت کے شواہد کیا ہیں؟

2018 میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ  کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کا سرغنہ اسلم اچھو ہی تھا، جس کا بیٹا ریحان 2018 میں دالبندین میں چینی انجینیئروں پر خودکش حملے میں ملوث تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم  بی ایل اے  کے موجودہ سرغنہ  بشیر زیب نے 2017 میں بھارت کا دورہ کیا، وہ بیشتر اوقات افغان پاسپورٹ اور جعلی نام گل آغا کے ذریعے بھارت کا سفر کرتا تھا، بشیر زیب نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں سمیت کراچی ایئرپورٹ پر چینی اہلکاروں پر حملے اور جعفر ایکسپریس پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

اسی طرح بلوچ نیشنل آرمی کے سرغنہ گلزار امام عرف شمبے نے بھی  بھارتی ریاستی دہشتگردی کے  واضح ثبوت دیتے ہوئے بھارت میں زیر اعلاج رہنے کا اعتراف کیا تھا، ڈی جی آئی ایس پی  آر نے بھی پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت پیش کیے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی فنڈنگ کررہا ہے، وزیرداخلہ بلوچستان

ڈی جی آئی ایس پی آر نے  بھارتی فوج کے حاضر سروس افسران کی پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی نشاندہی کی، بھارت پاکستان میں شہریوں اور فوج پر حملوں کے لیے دہشت گردوں کو بارود بھی فراہم کر تا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اس وقت بھارت میں 21 سے زائد دہشتگردوں کے بیس کیمپس چلا رہی ہے، پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے انہی کیمپوں میں دہشت گردوں کو بھارت کی جانب سے تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان دہشتگردوں کے کیمپس کا مرکز بھارتی ریاست راجستھان میں موجودہے، جہاں دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے اور پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے خصوصی سیل قائم کر رکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp