خلیجی خطے کے دورے کا دوسرا مرحلہ، امریکی صدر ٹرمپ قطر پہنچ گئے

بدھ 14 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے خلیجی دورے کے دوسرے مرحلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ قبل ازیں، انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکا اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ارکان کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں خطے کے ساتھ امریکا کے اسٹریٹجک وابستگی اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا اعادہ کیا۔

 

اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی۔ معروف عرب ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ کے مطابق اس ملاقات میں امیر قطر نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ وہ اس دورے کے لیے ’بہت پرجوش‘ ہیں جو سرمایہ کاری سے لے کر توانائی تک، بلکہ فوجی تعاون تک تمام محاذوں پر امریکا اور قطر کے  مابین تعلقات کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے اس دورے کے نتیجے میں خطے میں امن کے قیام کا موقع مل سکتا ہے۔

قطری امیر نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ! میں آپ کو کئی برسوں سے جانتا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ آپ امن پسند ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ آپ اس خطے میں امن لانا چاہتے ہیں … ہمیں امید ہے کہ اس بار ہم دانش مندانہ کام کریں گے اور امن قائم کریں گے۔

قبل ازیں ٹرمپ نے  خلیجی تعاون کونسل کے  سربراہی اجلاس کے موقع پر شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی۔

یہ منظر امریکی صدر کی جانب سے شام پر سے پابندیاں ہٹانے کے اعلان کے ایک دن بعد دیکھنے کو ملا جس سے دمشق میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp