پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 17 مئی سے 25 مئی تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے 8 میچز کے ٹکٹوں کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کے مطابق وہ شائقین جنہوں نے 8 مئی پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز، 9 مئی پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز اور 10 مئی اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز کے میچز کے ٹکٹ خریدے تھے اب وہی ٹکٹیں بالترتیب 17، 18 اور 19 مئی کے میچز کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل میں شرکت کریں گے یا نہیں، لاہور قلندرز کے سکندر رضا نے واضح کردیا
پی سی بی نے بتایا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 18 مئی کو ڈبل ہیڈر ڈے ہونے کی وجہ سے پہلے جاری کردہ 9 مئی کا ٹکٹ دونوں گیمز میں شرکت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پی سی بی کے مطابق جن شائقین نے ایلیمینیٹر 1، 2 اور فائنل کے ٹکٹ خریدے ہیں وہ متعلقہ میچوں کی نئی اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔
پی سی بی نے بتایا کہ باقی لیگ میچوں اور پلے آف کے ٹکٹ ویب سائٹ یا ٹی سی ایس کی نامزد کردہ برانچز سے خریدے جا سکتے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق شائقین صرف ملتان میں شیڈول 5 اور 10 مئی کو ہونے والے مقابلوں اور راولپنڈی میں پہلے سے طے شدہ کوالیفائر کا مکمل ریفنڈ حاصل کرسکتے ہیں۔
جن لوگوں نے ٹی سی ایس سینٹرز سے ٹکٹ حاصل کیے تھے انہیں نامزد برانچز پر ہی واپس کرنا ہوں گے، اور مناسب وقت پر رقم کی واپسی کا اعلان کردیا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل سیزن 10 کے بقیہ میچز کا شیڈول جاری
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی وجہ سے متاثر ہونے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز 17 مئی سے شروع ہوں گے، اور فائنل 25 مئی کو لاہور میں کھیلا جائےگا۔