سونم کپور کنگ چارلس کی تقریب تاج پوشی میں مدعو، سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

بدھ 3 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکارہ سونم کپور کو کنگ چارلس کے تاج پوشی کے سلسلے میں منقعد ہونے والے کنسرٹ میں مدعو کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ان کی کافی ٹرولنگ ہو رہی ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق سونم کپور کی پہلی شاہی تقریب ہوگی اور اس میں ٹام کروز، کیٹی پیری، لیونل رچی، اینڈریا بوسیلی اور دیگر مشہور شخصیات بھی نظر آئیں گے۔ بھارت کے معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور فی الوقت اپنے بزنس مین شوہر آنند آہوجا کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

مذکورہ کنسرٹ 6 مئی کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگا۔ سونم کپور واحد بھارتی سیلیبریٹی ہیں جنہیں اس شاہی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ انہیں شاہی دعوت ملنے کی خبر انٹرنیٹ پر دھوم مچا رہی لیکن اس کے ساتھ ہی انہیں ٹرول بھی کیا جا رہا ہے۔

اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے ایک بیان شیئر کیا ہے کہ یہ ان کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ 37 سالہ سونم اگست 2020 میں اپنے بیٹے کو جنم دینے کے بعد اسکرین سے غائب ہیں۔
کنگ چارلس کی تاجپوشی کے کنسرٹ میں سونم کپور کی پرفارمنس پر سوشل میڈیا صارفین نے فوری ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایک صارف نے طنز کیا کہ ’میرے خیال میں سونم کو چارلس کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے ادائیگی کرنی چاہیے‘۔ ایک اور صارف نے کہا کہ ’ایک تربیت یافتہ کتھک رقاصہ کے طور پر سونم کپور کی کارکردگی انتہائی ناگوار ہے اور برطانیہ کو کسی ایسی کو بلانا چاہیے تھا جو ایک شاندار رقاصہ ہو اور تاج پوشی پر پرفارم کرے‘۔

ایک اور نے شیئر کیا کہ ’سونم کپور کی پرفارمنس کنگ چارلس کو سوچنے پر مجبور کردے گی کہ کاش ان کے آباؤ اجداد نے ہندوستان کو نو آباد نہ بنایا ہوتا‘۔ ایک صارف نے کہا کہ ’بھائی کیا یہ کوہ نور ہیرا لے آئے گی وہاں سے‘ جب کہ ایک اور نے کہا کہ ’کیوں؟ اس کو انڈیا میں کوئی نہیں بلاتا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp