پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے خلاف جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو نہ صرف عسکری میدان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی دنیا بھر میں خفت اٹھانی پڑی ہے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ جریدے ’دی ڈپلومیٹ‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں پاکستان کو سفارتی میدان میں واضح کامیابی حاصل ہوئی جبکہ بھارت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی اور عالمی سطح پر مدبرانہ سفارتی حکمتِ عملی نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔ جریدے نے واضح کیا کہ عسکری محاذ پر بھارت کی جارحیت ناکامی سے دوچار ہوئی جبکہ بین الاقوامی برادری، بالخصوص امریکا اور دیگر مغربی ممالک نے بھی پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا۔
مزید پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کی پٹھان کوٹ کو ٹارگٹ کرنے کی ویڈیو منظرعام پر
’دی ڈپلومیٹ‘نے لکھا کہ پاکستان نے عالمی اصولوں اور ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کشیدگی کو سنبھالا بلکہ سیاسی بصیرت کے ذریعے عالمی حمایت بھی حاصل کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کے باوجود، وہ پہلگام حملے میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاک چین دفاعی اشتراک نے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا، اور رافیل طیاروں کی تباہی عالمی سطح پر بھارت کے لیے باعثِ شرمندگی بنی۔
’دی ڈپلومیٹ‘ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی حکمتِ عملی، قومی قیادت کی یکسوئی اور عالمی سفارتی حمایت نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کا احترام کیا، جبکہ بھارت نے یکطرفہ اقدامات اور الزام تراشی کے ذریعے اپنا مقدمہ کمزور کیا۔