بھارت کیخلاف سفارتی جنگ کا آغاز، بلاول بھٹو کی قیادت میں بین الاقوامی سفارتی وفد کی تشکیل

اتوار 18 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد بین الاقوامی سفارتی دورے پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سفارتی وفد میں ڈاکٹر مصدق ملک، حناربانی کھر، خرم دستگیر، شیری رحمان، فیصل سبزواری، تہمینہ جنجوعہ اور جلیل عباس جیلانی بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت نے پاکستان کیخلاف بین الاقوامی سفارتی دوروں کے لیے 7 وفود تشکیل دیدیے

اس وفد کے دورے کا مقصد حالیہ کشیدگی پر پاکستان کے موقف اور بھارتی پروپیگنڈے سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔

یہ وفد امریکا، برطانیہ، فرانس اور بلیجیئم کے دارالحکومتوں کا دورہ کرکے ان ممالک کی اعلیٰ قیادت اور حکام سے ملاقاتیں کرکے اپنے موقف سے انہیں آگاہ کرے گا۔

پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس وفد کی قیادت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

پاکستان کی طرف سے اپنا وفد بین الاقوامی دورے پر بھیجنے کا فیصلہ بھارت کی طرف سے ایک ایسے ہی اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

بھارت نے پاکستان کیخلاف بین الاقوامی دوروں کے لیے 7 وفد تشکیل دیے تھے۔

ان وفود کی قیادت بھارتی پارلیمان کے ارکان ششی تھرور، روی شنکر، سپریا سول، سنجے کمار، بائیجایند پانڈا، شری کنت ایکناتھ شندھ اور کنی موزی کریں گے جن کا تعلق مختلف بھارتی پارلیمانی جماعتوں سے ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو شاندار جواب دیا جو اسے یاد رہے گا، جنرل عاصم منیر

یہ وفود امریکا، برطانیہ، جاپان اور جنوبی افریقہ اور مشرقی وسطیٰ سمیت مختلف ممالک کا دورہ کرکے پاکستان کے خلاف اپنا مقدمہ پیش کریں گے۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وفود عالمی سطح پر بھیجنے کی منظوری  دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ایک وفد یورپی ممالک، ایک امریکا اور ایک روس جائےگا، وفود کی جانب سے دنیا کو صورت حال پر بریفنگ دی جائےگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp