ملک کے میدانی علاقے شدید ہیٹ ویو کی زد میں ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی میں آج بھی ہیٹ ویو برقرار رہے گا، لاہور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
کراچی کے چند علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیے: ہیٹ ویو سے کس طرح بچا جائے؟
اس کے علاوہ کوئٹہ میں بھی درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محمکہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اکثر شہروں اور علاقوں میں درجہ حرارت 19 مئی تک غیرمعمولی طور پر بڑھ جائے گی جبکہ ملک میں ہیٹ ویو کا راج اگلے 2 یا 3 دنوں تک جاری رہے گا۔
تاہم محمکہ موسمیات نے ملک کے شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع اور متصل علاقوں میں آج شام اور رات کو بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔