پرویز مشرف کے بیٹے بلال مشرف نے ریفرنڈم کو والد کا غلط فیصلہ قرار دے دیا

منگل 20 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق صدر اور آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے بیٹے بلال مشرف کا کہنا ہے کہ والد کا 2002 میں کرایا گیا ریفرنڈم ان کا سب سے غلط فیصلہ تھا۔

بلال مشرف نے حال ہی میں یو ٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے والد کے آخری ایام سمیت مختلف موضوعات پر بات کی۔

پرویز مشرف کیسے والد تھے؟

بلال مشرف نے کہا کہ پرویز مشرف بہت اچھے اور ملنسار انسان تھے، میں ان کے ساتھ کشتی بھی کرتا تھا لیکن جب مجھے کوئی چیز سمجھانی ہوتی تھی تو ان کا ردعمل بہت سخت ہوتا تھا۔ جب وہ سمجھتے تھے کہ مجھے ایسی غلطی کبھی نہیں کرنی چاہیے جو ہو گئی ہے تو وہ مجھے منہ پر تھپڑ مارتے تھے اور میں اس کا دفاع نہیں کر سکتے تھے اور اگر میں دفاع کرتا تو ایک اور تھپڑ پڑتا تھا جو مجھے بہت برا لگتا تھا لیکن میں اب سوچتا ہوں کہ والد پھر والد ہی ہوتا ہے اور میں ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے زندگی جینے دی جو میں کرنا چاہتا تھا وہ کرنے دیا۔

پرویز مشرف کا سب اچھا اور برا فیصلہ کون سا تھا؟

ایک سوال کے جواب میں بلال مشرف نے بتایا کہ انہیں والد کی جانب سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے قیام کا فیصلہ سب سے اچھا کام لگتا ہے کیونکہ نادرا کے قیام کے بعد ہی پاکستانی عوام کے قانونی دستاویزات کو مناسب انداز میں محفوظ کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

بلال مشرف نے کہا ہے کہ والد کی جانب سے 2002 میں کرایا گیا ریفرنڈم ان کا سب سے غلط فیصلہ تھا۔ ریفرنڈم کے بعد جو سمجھوتہ ہوا وہ نہ ان کے لیے اچھا تھا اور نہ ملک کے لیے۔ اس سے اچھا تھا کہ انتخابات کروائے جاتے یا پھر جس طرح حکومت کرتے آ رہے تھے ویسے ہی حکومت کرتے آتے لیکن ریفرنڈم نہ کرواتے۔

پرویز مشرف کے بیٹے سیاست کی طرف کیوں نہیں آئے؟

سیاست کی طرف نہ آنے کے سوال کے جواب میں بلال مشرف کا کہنا تھا کہ ان کی شخصیت اپنے والد سے بالکل مختلف تھی۔ اپنے بچپن کا ایک واقعہ سناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک بار وہ کرکٹ میچ کھیل رہے تھے کہ دو کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی ہو گی لیکن وہ دور کھڑے دیکھتے رہے جس پر پرویز مشرف نے ان کو کہا کہ تمہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لڑائی ہوئی تھی، ایک انسان میں لیڈرشپ کوالٹی ہوتی ہے، جا کر صلح کروانی چاہیے تھی۔

کیا سنجے دت پرویز مشرف سے ملنے آئے تھے؟

بلال مشرف کے مطابق دبئی میں ان کے والد اور بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی متعدد بار ملاقاتیں ہوئیں، دونوں ایک ہی جگہ پر بیڈمنٹن کھیلتے تھے اور ان کے درمیان اچھے دوستانہ روابط تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp