غزہ میں امداد 3 ماہ بعد بحال لیکن فراہمی انتہائی کم

منگل 20 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی رابطہ کار ٹام فلیچر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی بحال کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ محدود پیمانے پر بھیجی جانے والی یہ مدد 20 لاکھ سے زیادہ بھوکے لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انتہائی ناکافی ہو گی۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں امداد کی فراہمی 11 ہفتوں سے بند کی ہوئی تھی۔

ٹام فلیچر نے بتایا ہے کہ آج اقوام متحدہ کے 9 امدادی ٹرکوں کو کیریم شالوم کے سرحدی راستے سے غزہ میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے جو مدد لے کر آ رہے ہیں لیکن امداد کی یہ مقدار اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حماس اور امریکا کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور امداد پر حتمی مذاکرات

اقوام متحدہ اور اس کے شراکتی اداروں کو دوبارہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ امدادی کام کو موجودہ اور ثابت شدہ مؤثر طریقہ کار کے ذریعے سہولت دی جائے گی۔

اسرائیلی بمباری پر اظہار تشویش

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ پر فضائی اور زمینی حملوں میں سیکڑوں فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں بہت سی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے ضرورت مند لوگوں کو بڑے پیمانے پر امداد کی فوری، محفوظ، بلا رکاوٹ اور براہ راست فراہمی کے مطالبے کو دہرایا۔

مزید پڑھیے: اسرائیل نے امدادی سامان غزہ پہنچانے والا بحری جہاز بمباری سے تباہ کردیا

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ سیکریٹری جنرل نے ثالثوں کی جانب سے غزہ میں معاہدہ طے کرنے کے لیے جاری کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ وہ تواتر سے خبردار کرتے چلے آئے ہیں کہ متواتر تشدد اور تباہی سے شہریوں کی تکالیف میں اضافہ ہو گا اور بڑے پیمانے پر علاقائی تنازع بھڑکنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

سیکریٹری جنرل نے غزہ کی آبادی کو جبراً کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے کسی اقدام کو بھی سختی سے مسترد کیا ہے۔

ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے پاس زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے واضح، اصولی اور عملی منصوبہ موجود ہے جس کے تحت اسرائیل کے حکام کو شمال اور جنوب میں غزہ کی جانب کم از کم 2 راستے کھولنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا امداد کا محدود کوٹہ ختم کر کے اس کی آسان انداز میں اور تیزرفتار فراہمی یقینی بنانا ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امداد کی رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا اور جہاں امداد پہنچائی جانی ہو وہاں عسکری کارروائیاں عارضی طور پر روکنی ہوں گی۔

مزید پڑھیں: اسرائیل نے غزہ پر مکمل قبضے کا اعلان کردیا

اقوام متحدہ کی ٹیموں کو خوراک، پانی، صحت و صفائی اور پناہ کے سامان، طبی سہولیات، ایندھن اور کھانا بنانے کے لیے درکار گیس سمیت بنیادی ضرورت کی تمام اشیا ضرورت مند لوگوں کو پہنچانے کی اجازت دینی ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp