نئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اختیارات کیا ہوں گے؟

منگل 20 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں صرف جنرل ایوب خان فیلڈ مارشل تھے جنہوں نے بطور صدر خود کو اِس عہدے پر ترقی دی تھی۔

لیکن جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی وفاقی کابینہ کی منظوری سے دی گئی ہے، اُنہیں یہ عہدہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی شاندار کامیابی کے بعد دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی

فیلڈ مارشل کا عہدہ کیا ہوتا ہے؟

فیلڈ مارشل کسی بھی فوج کا سب سے اعلیٰ منصب یا عہدہ ہوتا ہے، گو کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ علامتی ہوتا ہے لیکن عزّت و توقیر کے حوالے سے یہ بہت نمایاں ہوتا ہے، یہ عہدہ فائیو اسٹار جنرل کے برابر ہوتا ہے اور عام طور پر بری فوج میں جنگ کے دوران نمایاں یا غیر معمولی خدمات پر عطا کیا جاتا ہے۔

فیلڈ مارشل عموماً فوج کے کمانڈر انچیف یا اعلیٰ کمانڈر کے طور پر کام کرتا ہے اور علامتی طور پر اُسے بہت عزت دی جاتی ہے۔

اس وقت پاکستان فوج میں صرف دو فور اسٹار جنرل ہیں جن میں ایک آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دوسرے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ہیں، لیکن آرمی چیف اب فائیو سٹار جنرل بن گئے ہیں اور فور اسٹار جنرل جنرل ساحر شمشاد مرزا ہیں۔

فور اسٹار جنرلز کو جنرل کہا جاتا ہے، اس وقت پاکستان فوج میں دو جنرلز، 30 لیفٹیننٹ جنرلز اور 184 میجر جنرلز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں فیلڈ مارشل کا اعزاز قوم کی امانت ہے، جنرل عاصم منیر کا پیغام

سابق صدر جنرل ایوب خان کو یہ عہدہ کیسے ملا؟

سابق صدر فوجی حکمران جنرل ایوب خان نے 1959 میں خود کو بطور صدر فیلڈ مارشل کا عہدہ دیا، یہ عہدہ بظاہر اُنہیں فوجی کارکردگی کی بنا پر دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp