جھوٹی معلومات پھیلانے پر ارناب گوسوامی اور بی جے پی رہنما کے خلاف بھارت میں مقدمہ درج

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈین کانگریس نے صحافی ارنب گوسوامی اور حکمران جماعت بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ کے خلاف جھوٹ پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ مقدمہ ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، جس کی شکایت کانگریس کی قانونی کمیٹی کے سربراہ شری کانت سوروپ نے کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اپنی فوج و حکومت کی تذلیل کے بعد میجر گورو اور ارنب گوسوامی بوکھلاہٹ کا شکار

مقدمہ درج کرنے والے شری کانت سوروپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے امت مالویہ اور ارنب پر ایک سنگین اور مجرمانہ ذہنیت سے بھرپور مہم کے ماسٹر مائنڈ ہونے پر مقدمہ درج کیا ہے، جنہوں نے مکمل طور پر جھوٹا اور پرفریب خبریں پھیلائیں کہ استنبول کے کانگریس سینٹر دراصل انڈین نیشنل کانگریس کا دفتر ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت کے اعلان پر بھارت اور ترکی کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔

اس سے قبل بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے ایک تصویر شیئر کی، جس میں راہول گاندھی کا پاکستان کی فوجی قیادت کے ساتھ موازنہ کیا گیا، اور ان پر ہندوستان کی فوجی قیادت کو کمزور کرنے، پاکستان کے موقف کو دہرانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا۔

شری کانت سوروپ کا کہنا ہے کہ یہ عمل واضح اور ناقابل تردید مجرمانہ ارادے کے تحت عوام کو گمراہ کرنے، ایک بڑی سیاسی ادارے کو بدنام کرنے، امن و امان کو بگاڑنے اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’پاک فوج پروفیشنل اور مضبوط ہے‘، بھارتی صحافی ارناب گوسوامی کے پروگرام میں پاک فوج کی تعریفیں

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امت مالویہ اور ارنب گوسوامی کے اقدامات بھارت کے جمہوری اصولوں، عوامی سلامتی اور قومی سلامتی پر ایک غیر معمولی حملہ ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے میڈیا کونسل آف انڈیا، اطلاعات و نشریات کی وزارت، سی بی آئی اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شکایت کو ہنگامی طور پر نمٹائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp