خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنا ونڈو کے زیراہتمام پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ کی تقریب صوبائی اسمبلی ہال میں منعقد ہوئی۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید مہمان خصوصی تھے، جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی تاج محمد ترند، عبدالمنیم خان، خورشید خان اور خالد خان، بشپ ارنسٹ جیکب، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور زندگی کی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں دفتر خارجہ نے پاک چین دوستی بارے بین الاقوامی جریدے کی رپورٹ مسترد کردی
پشاور ماڈل اسکول کے بچوں اور بچیوں نے چینی اور پاکستانی دھنوں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
تقریب سے خطاب میں آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہاکہ 21 مئی کا دن ہمارے لیے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان قائم سفارتی تعلقات کو 74 سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ نہ صرف ایک تعلق کی سالگرہ ہے بلکہ دو قوموں کے درمیان غیر متزلزل اعتماد، بے مثال محبت اور مثالی تعاون کا جشن ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی اس عظیم اور باوقار عمارت میں پہلی مرتبہ پاک چین دوستی کی سالگرہ کا اہتمام اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پشاور کے عوام چینی بہنوں اور بھائیوں سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔
ذواالفقار حمید نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے وہ چینی باشندوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کی جان و مال کی حفاظت کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب میں اراکین صوبائی اسمبلی تاج محمد ترند، عبدالمنیم خان، خورشید خان اور خالد خان، بشپ ارنسٹ جیکب، سکواش کے سابق عالمی چیمپیئن قمر زمان، ڈاکٹر رفعت عزیز، ڈاکٹر سیما شفیع اور سابق آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے، چاہے وہ 1965 کی جنگ ہو، 1971 کا بحران، یا زلزلے، سیلاب اور عالمی دباؤ کے لمحات ہوں، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، اور پاکستان نے چین پر ہمیشہ بھروسہ کیا۔
مقررین نے کہاکہ یہ دوستی محض مفادات کی نہیں بلکہ اقدار، احترام، اور ایک دوسرے کی خودمختاری کے احترام پر مبنی ہے۔ یہی وہ رشتہ ہے جسے ہم آہنی بھائی چارہ کہتے ہیں۔ ایک ایسا تعلق جو ہمالیہ کی بلندیوں، بحیرہ جنوبی چین کی گہرائیوں اور صحرا کی وسعتوں سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے ذریعے چین نے پاکستان کو ترقی کا نیا راستہ دیا۔ یہ صرف ایک اقتصادی راہداری نہیں بلکہ عوام کو جوڑنے کا ایک وژن ہے۔ خیبر پختونخوا بھی اس وژن میں پیش پیش ہے۔ رشکئی اکنامک زون، ہائیڈرو پاور پروجیکٹس، اور ٹورازم سیکٹر میں تعاون اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم چینی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاک چین دوستی: ’سی پیک کے تحت پاکستان میں بے مثال تعمیر و ترقی‘
مقررین نے کہاکہ چائنہ ونڈو جیسے ادارے حقیقی معنوں میں پبلک ڈپلومیسی کے سفیر ہیں۔ انہوں نے نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا، بلکہ پشاور جیسے شہر میں چینی زبان، ثقافت، تاریخ، اور سائنسی ترقی سے عوام کو روشناس کرایا اورچائنہ ونڈو کو خیبرپختونخوا میں پاک چین دوستی کا استعارہ بنا دیا ہے، تقریب میں بعدازاں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔