خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے طلباء و طالبات کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شامل طالب علم حیدر اور طالبہ ملائکہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ شہداء میں 5 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔
سیکیورٹی اداروں نے اس بزدلانہ حملے کو بھارت کی جانب سے بلوچستان میں پراکسی دہشت گردی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خضدار حملہ فتنہ الہندوستان اسپانسرڈ گروہ نے کیا، جو بھارت کے ایما پر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: خضدار: اسکول بس پر دہشتگرد حملہ، اقوام متحدہ کی شدید مذمت
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت حالیہ ذلت آمیز شکستوں کے بعد بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے اور بلوچستان و خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے لیے اپنی پراکسی تنظیموں کو متحرک کر رہا ہے۔ ذرائع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور اس کے بھارتی سرپرستوں سے ضرور لیا جائے گا۔