سری لنکا کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا ہے۔
37 سالہ میتھیوز نے 2009 میں ڈیبیو کیا تھا اور ان کا آخری مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف 17 جون کو گالے میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ہوگا جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ
تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔ میتھیوز ٹیسٹ کرکٹ میں سری لنکا کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں، جنہوں نے 118 میچز میں 8 ہزار 167 رنز بنائے، جن کا اوسط 44.62 ہے۔
ان سے آگے صرف کامارا سنگاکارا (12,400 رنز) اور میہلا جے وردنے (11,814 رنز) ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 33 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
میتھیوز نے 2013 سے 2017 تک 34 ٹیسٹ میچز کی بطور کپتان قیادت کی، جن میں 2014 کی انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اینجیلو میتھیوز کا ’ٹائم آؤٹ‘، سابق کرکٹرز کی شکیب الحسن کے عمل پر تنقید
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں میتھیوز نے کہا، ‘سری لنکا کے لیے 17 سال کا کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز اور فخر ہے۔ میں نے کرکٹ کو اپنی جان دی ہے اور کرکٹ نے بھی مجھے سب کچھ دیا ہے، اور مجھے وہ شخص بنا دیا ہے جو میں آج ہوں۔’