عید قرباں قریب آتے ہی جہاں گلی محلوں میں جانوروں سے رونق بڑھ جاتی ہے، وہیں ان جانوروں کا خیال بھی خوب رکھا جاتا ہے۔ اب جبکہ عیدالاضحٰی میں کم دن رہ گئے ہیں تو گلی محلوں میں ابھی سے جانور نظر آنے لگے ہیں۔ لیکن اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ قربانی کے جانور بے قابو ہو جاتے ہیں اور شہریوں کی دوڑیں لگوا دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر قربانی کے جانور کی ایک ایسی ویڈیو نے توجہ حاصل کر لی ہے، وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں اونٹ نے شہری کا ہاتھ دبوچ لیا اور بہت ہی مشکل سے وہ اسے چھڑانے میں کامیاب ہوا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اونٹ کے منہ کے آگے ہاتھ لہرا رہا تھا۔
ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے، ایک صارف نے لکھا کہ بچت ہوگئی ورنہ اونٹ ہاتھ کی ہڈی تک توڑ دیتا، پھر بھی بہت بری طرح اونٹ نے ہاتھ دبوچ کرکاٹا ہے۔
صارف نے لکھا کہ عام سی بات ہے جب جانور نئی جگہ پر آتا ہے تو غصے میں ہوتا ہے اس لیے سب سے آسان طریقہ ہے اس کو اکیلا چھوڑ دیں اور آس پاس رش نہ لگائیں ایسے قربانی کا جانور 2,3 دن میں ٹھیک ہوجاتا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ شکر کریں اونٹ نے گردن نہیں پکڑی ورنہ اونٹ گردن پکڑ کر بندے کو پٹخ دیتا ہے۔ ملک بلال اعوان نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ یہ صاحب اونٹ کے دانت چیک کرنے لگے تھے تو اونٹ نے تسلی سے چیک کروا دیے۔ جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’چاچا کو فنکاری دکھانے کا کس نے کہا تھا‘۔
چوہدری عمران نے شہری تو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا شوق پورا کرنے سے پہلے جانور کو چارا کھلا لینا چاہیے۔