بنگلہ دیش: دسمبر میں الیکشن کا مطالبہ کرنے والی ’بی این پی‘ کے زیراہتمام ریلی کا انعقاد

بدھ 28 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دسمبر میں الیکشن کا مطالبہ کرنے والی خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے زیراہتمام نیا پلٹن میدان میں ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کے باعث ڈھاکہ کے کچھ علاقوں میں ٹریفک جام ہوگئی، اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریلی میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے، ڈھاکہ، سلہٹ، فرید پور اور میمن سنگھ سمیت ملک بھر سے نوجوان جلوسوں کی شکل میں ریلی میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں قومی مفاد سب سے مقدم، ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بنگلہ دیشی فوج کا عزم

بی این پی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے شرکا کو سبز، پیلے اور سرخ رنگوں کی چمکیلی ٹوپیاں اور ٹی شرٹس پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

نیا پلٹن میں پارٹی کے مرکزی دفتر کے بالکل سامنے ایک اسٹیج بنایا گیا ہے، ریلی کے نتیجے میں اسٹیج کے سامنے والی سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ارد گرد کے علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

توقع ہے کہ بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان بطور مہمان خصوصی ریلی سے خطاب کریں گے۔ وہ پارٹی کے سیاسی روڈ میپ اور ملک کے نوجوانوں کے لیے مستقبل کی حکمت عملی کا خاکہ پیش کریں گے۔

بی این پی کے کئی سینیئر رہنما جن میں پارٹی کی قائمہ کمیٹی کے ارکان خندکر مشرف حسین، عبدالمعین خان، امیر خسرو محمود چوہدری اور صلاح الدین احمد بھی ریلی سے خطاب کریں گے۔

پیر کو ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے سینیئر جوائنٹ سیکریٹری جنرل روح کبیر رضوی نے کہا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ 10 سے 15 لاکھ کے قریب نوجوان اس ریلی میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کی ریلی طارق رحمان کی قیادت میں نوجوانوں کے حق رائے دہی کے حصول کے لیے جاری تحریک میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں بنگلہ دیش: شیخ حسینہ دور کے عہدیداروں کیخلاف مقدمے کی کارروائی کا آغاز

بی این پی کی اس ملک گیر مہم کا آغاز 9 مئی کو چٹگرام میں ایک ریلی سے ہوا، اس کے بعد کھلنا اور بوگورہ میں کامیاب پروگرام ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp