وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کیسکو کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ نے بریفنگ دی اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو درپیش مسائل اور حل کی تجاویز پیش کیں۔
وزیر اعلیٰ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے شکایتی نظام مؤثر بنانے کا حکم اور صوبے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیے: کیسکو نے نیشنل گیمز کے دوران ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ کی بجلی کاٹ دی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ ترسیلی نظام میں خامیوں کے فوری ازالے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں، دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے موثر اور جامع منصوبہ بندی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیسکو عوامی ریلیف کو اولین ترجیح بنائے، موسم گرما میں بجلی کی غیر ضروری بندش اور بے جا لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے۔
وزیر اعلی نے حکم دیا کہ ڈیرہ بگٹی، بیکڑ سمیت صوبے کے دور دراز علاقوں میں برقی ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔