حج 1446 ہجری کے سیزن میں 8 ذو الحجہ تک سعودی عرب کا شعبہ صحت اب تک حجاج کرام کو 1 لاکھ 2 ہزار سے زائد طبی سہولیات فراہم کر چکا ہے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ مملکت حجاج کی سہولت اور آرام کے لیے اعلیٰ معیار کی مؤثر طبی خدمات فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ خدمات ویژن 2030 کے تحت جاری ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام اور حاجی تجربہ پروگرام کا حصہ ہیں، جن کا مقصد حجاج کرام کو آسانی اور اطمینان کے ساتھ مناسکِ حج ادا کرنے میں مدد دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عازمین حج کی خدمت: مسجد نمرہ کو ہزاروں مربع میٹر قالین سے سجا دیا گیا
وزارتِ صحت کے مطابق اب تک 55,275 حجاج نے صحت مراکز سے رجوع کیا، جبکہ 27,231 کیسز ایمرجنسی وارڈز میں سنبھالے گئے۔ اسی طرح 1,412 مریضوں کا علاج او پی ڈی (بیرونی مریض کلینکس) میں کیا گیا۔
ان میں سے 4,970 کیسز کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا، جن میں 2,262 افراد کو انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس دوران 16 اوپن ہارٹ سرجریز اور 204 کارڈیک کیتھیٹرائزیشنز (دل کے ذریعے باریک نالی ڈال کر علاج) بھی کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس کی جانب سے حجاج کرام کا خیر مقدم اور تحائف کی تقسیم
وزارت نے گرمی کے باعث لاحق تناؤ (heat stress) کے 71 کیسز کو بھی کامیابی سے کنٹرول کیا۔
صحت کا شعبہ حج سیزن کے دوران مسلسل بھرپور محنت سے خدمات سرانجام دے رہا ہے تاکہ حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے، اور انہیں ہر ممکن اعلیٰ طبی سہولیات بروقت اور مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔