بلوچستان کی خواتین بھی فٹنس کے سفر پر: کچن سے نکل کر جم تک کا خواب

منگل 10 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کا سماج ایک قبائلی روایات پر مشتمل سماج ہے جہاں 21ویں صدی میں بھی خواتین کو گھروں سے باہر نکل کر کام کرنے کی آزادی نہیں ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اب سرزمین بلوچستان کی بیٹیاں مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

پشتون معاشرے سے تعلق رکھنے والی نور صبا میں کوئٹہ میں خواتین کے لیے خصوصی جم کھولا ہے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے صبا نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں فٹنس اور خواتین کا تصور بہت ناپختہ ہے۔ اگر آپ جم جانا چاہیں تو لوگ ہنستے ہیں، کہتے ہیں یہ خواتین کا کام نہیں۔ خواتین کا دائرہ کچن اور بچوں کی دیکھ بھال تک محدود سمجھا جاتا ہے۔ مگر میں نے سوچا کہ نہیں ایک لڑکی کے لیے بھی ایک وسیع دنیا ہے۔

نور صبا کہتی ہیں کہ الحمدللہ، میری فیملی نے مجھے سپورٹ کیا۔ میرے والد، بھائی سب نے کہا کہ جو کرنا ہے کرو۔ خواتین کے لیے یہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ فیملی سپورٹ کرے ورنہ وہ بہت سی رکاوٹوں کا سامنا کرتی ہیں۔

صبا آج نہ صرف خود ایک فعال فٹنس لائف گزار رہی ہیں بلکہ دیگر خواتین کو بھی ورزش کی ترغیب دے رہی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ ابھی یہ سفر ابتدائی مرحلے میں ہے، لیکن جم میں روزانہ 50 سے زائد خواتین آتی ہیں۔

نور صبا نے کہا کہ بہت سی خواتین یہاں صرف فٹنس کے لیے نہیں بلکہ اپنی ذہنی صحت کے لیے بھی آتی ہیں۔ کئی ڈاکٹر کے مشورے سے جم جوائن کرتی ہیں تاکہ ڈپریشن اور اوور تھنکنگ سے نکل سکیں۔ بدقسمتی سے بلوچستان میں ایسے پلیٹ فارم کم ہیں جہاں خواتین اپنی جسمانی و ذہنی صحت بہتر بنا سکیں۔

نور صبا نے کہا کہ میری حکومت سے یہی درخواست ہے کہ بلوچستان کی خواتین کے لیے زیادہ سے زیادہ فٹنس کلب کھولے جائیں۔ زیادہ اویئرنیس پیدا کی جائے تاکہ جو خواتین گھروں میں بند ہیں، ان کو بھی ایک مثبت راہ مل سکے اور وہ انزائٹی و ڈپریشن سے نکل کر ایک بہتر زندگی جی سکیں۔

جہاں بلوچستان کی سرزمین میں روایات مضبوط ہیں، وہیں اب خواتین بھی ان روایات میں نئے رنگ بھرنے کو تیار ہیں۔ ان کے قدم نہ صرف ٹریڈ مل پر چل رہے ہیں بلکہ ترقی اور خود اعتمادی کے سفر پر بھی رواں دواں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp