نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گمشدگی کی فوری اطلاع اور کارروائی کے لیے پنجاب پولیس کی پبلک ایپ میں ”میرا پیارا“ سمیت 11 نئے فیچرز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ پولیس ایپ کے اس فیچر کے ذریعے گمشدگی کی رپورٹ گھر بیٹھے کی جاسکے گی۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے وزیر اطلاعات عامر میر، آئی جی، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی، سی سی پی او اور دیگر لوگوں کے ہمراہ ایپ میں نئے فیچرز کے اجرا کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پربریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس پبلک ایپ میں عوام کی سہولت کے لیے 11 مفید فیچرز شامل کیے گئے ہیں، عوام پولیس ایپ کے ذریعے گمشدگی، ورثا کی تلاش، کرائم رپورٹ، ٹریفک سروسز سمیت دیگر سہولتیں حاصل کر سکتے ہیں۔
’پولیس ایپ کا ”میرا پیارا“ فیچرتلاش گمشدہ اور تلاش ورثا میں معاون ہوگا۔‘
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس ایپ کے ذریعے گمشدگی کی رپورٹ گھر بیٹھے کی جاسکے گی۔ ”میرا پیارا“ فیچر پراسپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظررجسٹرڈ کرنے کے ساتھ ساتھ گمشدہ اور باز یاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جاسکے گی۔
’اس فیچر کے ذریعے ایپ پر گمشدہ اور باز یاب بچوں کی تلاش ممکن ہوسکے گی۔‘
پنجاب پولیس پبلک ایپ میں ویمن ہراسمنٹ فیچر کے ذریعے ہراساں کیے جانے پر ملزم کو فوری ٹریس یا گرفتار کیا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ خدمت مرکز کی 18 سروسزپنجاب پولیس پبلک ایپ میں شامل ہیں۔ خدمت مرکز سروسز کے ذریعے کیریکٹر سرٹیفکیٹ، کرایہ داری، ایف آئی آر، ایمپلائز رجسٹریشن اور دیگر سروسز بھی آئن لائن حاصل کی جا سکتی ہیں۔
پولیس ایپ پر شکایات یا کرائم رپورٹ بھی درج کرانے کی سہولت میسر ہو گی۔ ایپ کے نئے فیچرز سے نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے واقعات کی اطلاع ایپ پر اپ لوڈ کرنے سے ڈائریکٹ سی ٹی ڈی تک پہنچ جائے گی۔
پولیس ایپ کے ذریعے پولیس اور اس سے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس میں یوتھ انٹرن شپ بھی حاصل کی جا سکے گی۔
عوام پنجاب پولیس ایپ کے ذریعے قریبی پولیس اسٹیشن کی لوکیشن بھی معلوم کرسکیں گے۔