امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین جنگ کے دوران اب تک ایک لاکھ سے زائد روسی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ دسمبر 2022 کے بعد یوکرین نے روس کے 20 ہزار فوجی ہلاک کیے۔
عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے یوکرین جنگ میں اب تک کی فوجی ہلاکتوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک کی لڑائی میں روس کے ایک لاکھ سے زیادہ فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی رپورٹ کے مطابق دسمبر2022 کے بعد یوکرین نے جنگ میں تیزی دکھاتے ہوئے 20 ہزار روسی فوجیوں کو ہلاک کیا۔
وائٹ ہاؤس کے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جوہن کربی نے کہا کہ جاری کردہ اعداد و شمار امریکی انٹیلی جنس کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سے آدھے سے زیادہ فوجی روسی جیلوں سے آزاد کردہ قیدی اور نجی ملٹری کمپنیوں سے کرائے پر بھرتی کیے گئے تھے۔
جوہن کربی کے مطابق سب سے اہم بات یہ ہے کہ مہینوں کی لڑائی اور اس قدر غیر معمولی نقصان کے بعد، اب روس کو یوکرین میں شکست کا سامنا ہے۔
’روس ابھی تک اپنی بھرپور کوشش کے باوجود کسی اہم علاقے پر قابض نہیں ہو سکا۔‘
کربی نے کہا کہ روس کو اب فوجیوں کی کمی کا سامنا ہے کیونکہ ان کے پاس اب کوئی ریزرو فوجی موجود نہیں ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے یوکرینی فوجی ہلاکتوں کے اعداد و شمار دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ یوکرین اس وقت متاثرین میں سے ہے۔
دوسری جانب یوکرینی افواج کے سربراہ نے کہا کہ روس اپنی بھرپور کوشش کے باوجود ابھی تک باہموت پرقبضہ نہیں کر سکا۔