پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے آئین کی بالادستی کے لیے لاہور، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کل ہفتے کے روزچاروں شہروں میں ریلیاں نکال رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر کوئی ریلی میں نہیں آ سکتا اس کے لیے ہر شہر میں ایک مخصوص جگہ متعین کر رہے ہیں جہاں لوگوں کو پہنچنا اور آئین اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں آئین ختم ہو جائے اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا اس لیے قوم یہ برداشت نہیں کرے گی کہ حکومت سپریم کورٹ اور آئین کا فیصلہ نہ مانے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 15 ججز میں سے کسی نے یہ نہیں کہا کہ 90 دن میں الیکشن نہیں ہونے چاہییں، ووٹ عوام کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے لوگ زمان پارک میں صرف ایک گھنٹے کے لیے اکٹھا ہوں اور اپنے ساتھ پلے کارڈز بھی لائیں جن پر لکھیں کہ ہم آئین اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ملک سے باہر نہیں جا سکتے اور ہمیں اسی ملک میں رہ کر ہی اپنے حقوق کی جنگ لڑنی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج جن ججوں کو ن لیگ برا بھلا کہ رہی ہے اسی سپریم کورٹ نے ہماری حکومت بحال کر کے عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں12 بجے عدالتیں کھلنے پر تکلیف ہوئی مگر انہوں نے عدالت کا حکم مانا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ کل ملک بھر سے عوام عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکلیں، لاہور سے مرکزی ریلی کی قیادت عمران خان خود کریں گے۔
اس عمر نے کہا کہ یہ آئین توڑنے پر آگئے ہیں کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں، چیف جسٹس آئین کا دفاع کر رہے ہیں انہیں نے بہت اچھے فیصلے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اور آپ کو چاہیے کہ ہم چیف جسٹس کے حق میں نکلیں، آئین ہمیں اور آپ کو یہ حق دیتا ہے کہ ہم جس سیاسی جماعت کو چاہیں ووٹ دیں۔