بھارت میں گواہٹی سے چنائی جانے والی انڈیگو کی ایک پرواز کو ایندھن اچانک کم ہونے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔
اس پرواز میں 168 مسافر سوار تھے اور یہ واقعہ جمعرات شام کو بنگلور کے کیپیگوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا۔
ایئربس گواہٹی سے 4:40 بجے روانہ ہوئی تھی اور ابتدائی طور پر شام 7:45 بجے چنائی میں لینڈنگ کرنے کی کوشش کی لیکن جلد ہی پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کرکے دوبارہ پرواز کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: احمد آباد طیارہ کریش: جہاز جس میڈیکل ہاسٹل پر گرا، وہاں کیا گزری؟
بنگلور سے تقریباً 35 میل دور پائلٹ نے ہنگامی حالات کا سامنا ہونے پر مے ڈے کال دی اور پرواز کو بنگلور کی طرف موڑ دیا، جہاں اس نے شام 8:20 بجے بحفاظت لینڈ کی۔
ایمرجنسی کے بعد ایئرپورٹ حکام کو فوری طور پر الرٹ کیا گیا، اور میڈیکل اور فائر سروسز کو تیار رکھا گیا۔ مسافروں نے بتایا کہ پرواز کے دوبارہ اوپر جانے کے دوران اچانک تیز چڑھائی ہوئی جس سے جہاز میں سوار افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد دونوں پائلٹس کو تحقیقات مکمل ہونے تک ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ احمد آباد میں حالیہ ایئر انڈیا کے حادثے کے چند روز بعد پیش آیا ہے، جس میں 241 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔














