سوات کے سیاحتی مقام شاہی باغ میں ایک تفریحی کشتی انجن بند ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق، 3 افراد لاپتا اور 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، حادثے کا شکار کشتی میں مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔ واقعہ پیش آتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
مزید پڑھیں: لیبیا میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 61 افراد ہلاک
زخمیوں میں سے 7 افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 2 خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ ابھی تک 3 افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے واٹر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔ غوطہ خوروں اور واٹر سرچ ٹیموں کو اس کام پر مامور کردیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 سوات کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ تمام دستیاب وسائل اور نفری کو امدادی کارروائیوں میں بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ حادثے کی نوعیت اور کشتی کی صلاحیت کے حوالے سے مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔














