ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی قومی ہاکی ٹیم اتوار کے روز ملائیشیا سے لاہور پہنچ گئی، جہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تاہم اس موقع پر کوئی حکومتی عہدیدار موجود نہ تھا۔
پنجاب ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اسٹاف اور کھلاڑیوں کے اہلخانہ بڑی تعداد میں ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر گلاب کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ عوام اور مداحوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
Pakistan Hockey team arrived lahore after performed well in FIH Nations Cup ❤️🇵🇰👌@AmmadButt96 #PakistanHockey jujuiuio pic.twitter.com/gL6qHwFXjh
— Qadir Khawaja (@iamqadirkhawaja) June 22, 2025
یہ بھی پڑھیں ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں برانز میڈل جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم ڈیلی الاؤنس سے محروم
وسائل کی کمی کے باوجود بڑی کامیابی ملی، کوچ طاہر زمان
ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود شاندار کھیل پیش کیا، کھلاڑیوں نے خود کو ثابت کیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت، جذبے اور ٹیم ورک کی تعریف کی اور اس کارکردگی کو آئندہ بین الاقوامی ایونٹس کے لیے حوصلہ افزا اشارہ قرار دیا۔
کپتان عماد بٹ کا حکومتی توجہ کا مطالبہ
ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ہم نے پورے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی، البتہ فائنل میں توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ اگر حکومت قومی کھیل ہاکی پر توجہ دے تو ہماری ٹیم دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر سکتی ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو درپیش وسائل کی کمی، ٹریننگ سہولیات، کوچنگ اور انفراسٹرکچر کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی و اخلاقی معاونت فراہم کی جائے تاکہ کھلاڑی آئندہ ایونٹس میں مزید بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ’ادھار‘ لیکر چین روانہ، ’اب یہ کس کا وژن ہے؟‘
یاد رہے کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے حالیہ ایڈیشن میں پاکستان نے کئی مضبوط ٹیموں کو شکست دی اور فائنل تک رسائی حاصل کی، جسے ہاکی حلقے پاکستان کے لیے نئی امید سے تعبیر کر رہے ہیں۔ تاہم ناکافی حکومتی تعاون ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔