پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 24 جون 2025 کو ابوظہبی میں ہونے والے پاکستان متحدہ عرب امارات مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: موجودہ حالات میں مسلم امہ کا اتحاد اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، اسحاق ڈار
دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ وزارتی کمیشن پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون کے لیے اعلیٰ ترین ادارہ جاتی فورم ہے۔ یہ اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان تزویراتی، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گا۔
پاکستانی وفد میں اقتصادی امور، تجارت، توانائی، بحری امور اور داخلہ کی اہم وزارتوں کے سیکریٹریز اور سینیئر حکام شامل ہوں گے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس اجلاس کی قیادت نائب وزیرِ اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور کریں گے۔ ان کے ہمراہ متعلقہ اماراتی اداروں کے اعلیٰ سطحی نمائندگان ہوں گے۔
اجلاس میں دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں نئے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران مختلف قانونی معاہدوں کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے تاکہ شعبہ جاتی تعاون کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی استنبول میں ایرانی ہم منصب سے ملاقات، ایران پر اسرائیلی و امریکی حملوں کی مذمت
یہ اجلاس دونوں ممالک کے لیے اپنی اقتصادی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو وسعت دینے کے امکانات کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔














