انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ: بھارت نے 5 سینچریاں بنانے کے باوجود شکست کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا

منگل 24 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ ہیڈنگلے میں کھیلا گیا یہ میچ کئی حوالوں سے تاریخی رہا، جہاں انگلینڈ نے 371 رنز کا بڑا ہدف بآسانی حاصل کرکے بھارتی ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن کو ناکام بنا دیا۔

میچ کے پانچویں اور آخری دن انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز سے کیا اور عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ

انگلش اوپنرز بین ڈکٹ اور زیک کراولے نے شاندار آغاز فراہم کیا، دونوں کے درمیان 188 رنز کی اوپننگ شراکت نے فتح کی راہ ہموار کی۔

بین ڈکٹ نے 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ زیک کراولے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ دیگر بیٹرز میں کپتان بین اسٹوکس نے 33، اولی پوپ 8 رنز بنائے، جبکہ ہیری بروک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

تاہم سابق کپتان جو روٹ 53 رنز اور جیمی اسمتھ 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار کرگئے۔

بھارت کی جانب سے بولرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ شاردل ٹھاکر اور پراسدھ کرشنا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ رویندر جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی ٹیم کی دوسری اننگز چوتھے دن مکمل ہوئی، لیکن بڑے اسکور کے باوجود ٹیم شکست سے نہ بچ سکی، جو خود ایک تاریخی ناکامی بن گئی۔

اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پانچ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ بھارتی ٹیم کے لیے یہ شکست پریشان کن ہے کیونکہ اس میچ میں ان کے پانچ کھلاڑیوں نے سینچریاں اسکور کیں، لیکن پھر بھی ٹیم شکست کا شکار ہوئی۔

اس سے قبل کسی بھی میچ ہارنے والی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ میں زیادہ سے زیادہ 4 سنچریاں اسکور کی گئی تھی اور اس واقعے کو بھی لگ بھگ ایک صدی بیتنےکو ہے۔ 1929 میں یعنی 96 برس قبل ملبرن میں انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی ٹیم میچ میں 4 سنچریوں کے باوجود بھی ناکام رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

یہ میچ نہ صرف انگلینڈ کی شاندار کارکردگی کا مظہر ہے، بلکہ بھارتی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی ہے، جو مضبوط بیٹنگ کے باوجود میچ کا داؤ اپنے حق میں نہ کر سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp