قومی ہاکی ٹیم کی پرولیگ میں شرکت کھٹائی میں پڑگئی، پابندی کا بھی خدشہ

جمعرات 26 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ہاکی ٹیم کی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت مالی وسائل کی کمی کے باعث کھٹائی میں پڑسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے اسپورٹس بورڈ کی دعوت مسترد کردی، وجہ کیا بنی؟

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے  پاکستان ہاکی فیڈریشن کو پرو ہاکی لیگ میں  شرکت کا دعوت نامہ بھیجا ہے جس کے تحت پی ایچ ایف کو پہلا جواب جمعہ 27 جون کو دینا ہے لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پرو لیگ میں شرکت مالی وسائل سےمشروط ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو قومی ٹیم کو پرو لیگ میں بھجوانے کے لیے 50  کروڑ روپے سے زائد رقم درکار ہے اور اگر اس کا انتظام نہ ہوسکا تو پاکستان کی ایونٹ میں شرکت ممکن نہیں ہوسکے گی۔

مزید برآں پرو لیگ میں شرکت کی حامی بھرلینے کے بعد ٹیم نہ بھجوانے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن پربھاری جرمانہ حتیٰ کہ پابندی  بھی عائد ہوسکتی ہے۔

پرو ہاکی لیگ میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور اس میں شرکت سے پاکستان ہاکی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیے: ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کی تھی جس کی وجہ سے پاکستان کی ہاکی رینکنگ 17ویں نمبر پر چلی گئی تھی۔

دریں اثنا پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد کے ہمراہ جمعرات کو کی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ ہاکی قومی کھیل ہے اور اس کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ہاکی کا موازنہ کرکٹ سے نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ پر کیے جانے والے اخراجات کا کسی کھیل سے کوئی موازنہ نہیں ہے تاہم خواہش ہے کہ ہر فیڈریشن کی معاونت کریں۔

یاسر پیرزادہ نے کہا کہ ہاکی پرو لیگ کھیلنے کے لیے کثیر فنڈز کی ضرورت ہے جو اسپورٹس بورڈ کی استعداد سے زیادہ ہے لیکن ہم سے جو کچھ بھی ہوسکا وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا کہ پاکستان نے ہاکی کا آخری ٹورنامنٹ اچھا کھیلا اور ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان کی پرفارمنس تسلی بخش رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل تک ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جو چین میں ٹورنامنٹ کھیلے گی۔

مزید پڑھیں: ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی فائنل: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2-6 سے شکست دیدی

رانا مجاہد نے کہا کہ پرو لیگ کے اخراجات بہت زیادہ ہیں جس کے لیے نجی شعبہ کے تعاون کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف اپنی کوششیں بھی کررہا ہے اور ہم نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر سے رابطہ کیا ہے اور تمام صورتحال پر وقت مانگا ہے کیونکہ اگر لیگ میں شرکت کی حامی بھرنے کے بعد اگر شریک نہیں ہونگے تو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پابندی بھی لگا سکتی ہے۔

سیکرٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا کہ حکومت اور اسپورٹس بورڈ کی گائیڈ لائنز کے خلاف پاکستان ہاکی فیڈریشن کوئی کام نہیں کرے گی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال پر وزیراعظم محمد شہباز شریف ہماری مدد کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp