عالمی فٹبال کے سپر اسٹار کریسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کے ساتھ اپنا معاہدہ 2027 تک باضابطہ طور پر توسیع دے دی ہے۔ النصر کلب نے جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس خبر کی تصدیق کی، جس کے بعد دنیا بھر میں رونالڈو کے مداح خوشی سے جھوم اٹھے۔
النصر کا اعلان
سعودی عرب کے ممتاز کلب النصر نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ لکھا ہوا تھا: کہانی چلتی رہے گی، جبکہ ویڈیو کے آخر میں رونالڈو سمندر کے کنارے چلتے ہوئے کہتے ہیں:
’النصر ہمیشہ کے لیے!‘
The Story continues.. 🐐 💛
pic.twitter.com/XV8WoOREeB— AlNassr FC (@AlNassrFC_EN) June 26, 2025
اس کے فوراً بعد کلب نے تحریری اعلان جاری کیا:
کرسٹیانو رونالڈو 2027 تک @AlNassrFC کے ساتھ رہیں گے۔
ایکس پیغام
دوسری طرف رونالڈو نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا :
’ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے۔ وہی جذبہ، وہی خواب۔ آئیے مل کر تاریخ رقم کریں!‘
A new chapter begins. Same passion, same dream. Let’s make history together. 🟡🔵 pic.twitter.com/JRwwjEcSZR
— Cristiano Ronaldo (@Cristiano) June 26, 2025
رونالڈو کی کارکردگی
40 سالہ رونالڈو نے پچھلے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 گولز کے ساتھ پرو لیگ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا، تاہم ان کی ٹیم النصر ٹرافی جیتنے میں ناکام رہی اور لیگ میں تیسری پوزیشن پر آئی۔
سعودی فٹبال میں انقلاب
رونالڈو نے جنوری 2023 میں النصر کلب میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد سعودی عرب میں بڑے یورپی کھلاڑیوں کی آمد کا آغاز ہوا۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کے ایک نمائندے کے مطابق:
’رونالڈو کی موجودگی نے سعودی لیگ کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔ ان کی موجودگی نے دیگر عالمی ستاروں اور نوجوان ٹیلنٹ کے لیے راستے کھولے ہیں۔‘
سعودی عرب کی مستقبل پر نظر
یاد رہے کہ سعودی عرب 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، اور ایسے میں رونالڈو جیسے بڑے ناموں کی موجودگی مملکت کے عالمی فٹبال منظرنامے میں نمایاں ہونے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔