’ایس سی او‘ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی کا طرز عمل تکلیف دہ ہے: شہبازشریف

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابقہ حکومت کے لیے بین الریاستی تعلقات سمیت ہر چیز کھلونا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شرکت کو متنازعہ بنانے کی کوششیں تکلیف دہ ہیں تاہم اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت پر پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی پریشان کن بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کس طرح پاکستان کی اس کانفرنس میں شرکت پر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ حیرت کی بات نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ عمران خان کو ماضی میں بھی ملک کی اہم خارجہ پالیسی کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لیے بین الریاستی تعلقات سمیت ہر چیز ایک کھیل ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف برطانوی شہنشاہ چارلس کی تاجپوشی میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کامن ویلتھ ایونٹ کے دوران کنگ چارلس سے ملاقات کی اور انہیں پاکستانی عوام کی جانب سے ان کی تاجپوشی پر مبارکباد پیش کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کنگ چارلس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شاہ چارلس نے وزیراعظم سے بات چیت کے دوران اپنے سابقہ دورہ پاکستان کو یاد کیا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp