وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کھیل کے ہر میدان میں میرٹ کی بنیاد پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں مرد و خواتین کو یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، یہ بات انہوں نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور ممتاز کرکٹر ثنا میر سے ملاقات کے دوران کہی۔
یہ بھی پڑھیں: ہال آف فیم میں شامل ہونے کے بعد ثنا میر نے اپنی پہلی پوسٹ میں کیا کہا؟
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعے کے روز قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہال آف فیم میں ثنا میر کا نام شامل ہونے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ یہ نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعث فخر ہے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور ممتاز کرکٹر ثناء میر کی ملاقات
وزیرِاعظم نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے ہال آف فیم میں ثناء میر کا نام شامل ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔ pic.twitter.com/sBrU0tEToO
— Shehbaz Digital Media (@ShehbazDigital) June 27, 2025
وزیر اعظم نے کہا کہ بطور کپتان ثنا میر کی قیادت میں پاکستان ویمن ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ثنا میر اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت میں بروئے کار لائیں گی اور پاکستان میں خواتین کرکٹ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
ثنا میر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ وہ ورلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور آئی سی سی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کریں۔ انہوں نے پاکستان میں کرکٹ، بالخصوص خواتین کی کرکٹ کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے، کرکٹ کے میدانوں کی بہتری، اور خواتین کو کھیل میں زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کے بعد ثنامیر کو ایک اور اعزاز مل گیا
ثنا میر کو حال ہی میں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، جو کہ دنیا بھر کے عظیم کرکٹرز کے لیے سب سے بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 120 سے زائد ون ڈے انٹرنیشنل اور 100 سے زائد ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، اور کئی اہم فتوحات میں ٹیم کی قیادت کی۔